جدول چہارم ۔ آرٹیکل 70 (4) ۔قانون سازی کی فہرستیں۔ وفاقی قانون سازی کی فہرست۔حصہ اول(پارٹ-1)

1۔ امن یا جنگ میں وفاق یا اس کے کسی حصے کا دفاع ؛ وفاق کی بری، بحری اور فضائی افواج اور کوئی دوسری مسلح افواج جو وفاق کی طرف سے بھرتی کی جائیں یا رکھی جائیں ؛ کوئی مسلح افواج جو وفاق کی افواج تو نہ ہوں مگر جو وفاق کی مسلح افواج بشمول سول مسلح افواج سے منسلک ہوں یا ان کے ساتھ مل کر کاروائی کررہی ہوں ؛ وفاقی سر رشتہ سراغ رسانی؛ امور خارجہ ، دفاع یا پاکستان یا اس کے کسی حصہ کی سلامتی سے متعلق ملکی مصلحتوں کی بناء پر امتناعی نظر بندی؛ اشخاص جو اس طرح نظر بند کئے گئے ہوں؛ وہ صنعتیں جو وفاقی قانون کی رو سے دفاعی مقاصد کے لئے یا جنگ جاری رکھنے کے لئے ضروری قرار دی گئی ہوں۔
2۔ بری، بحری اور فضائی فوج کی تعمیرات ، چھائونی کے علاقوں میں مقامی حکومت خود اختیاری ، مذکورہ علاقے میں چھائونی کے ادارہ ہائے مجاز کی ہیئت ترکیبی اور اختیارات، مذکورہ علاقوں میں رہائشی جگہ کا انضباط اور ان علاقوں کی حد بندی۔
3۔ امور خارجہ؛ دوسرے ملکوں کے ساتھ ، تعلیمی اور ثقافتی معاہدوں اور سمجھوتوں کے بشمول، عہد ناموں اور معاہدوں پر عمل درآمد کرنا: تحویل ملزمان، بشمول مجرمان اور ملزم اشخاص کو پاکستان سے باہر کی حکومتوں کے حوالہ کرنا۔
4۔ قومیت ، شہریت اور عطائے حقوق شہریت۔
5۔ کسی صوبے یا وفاق کے دارالحکومت سے یا اس میں ، نقل مکانی یا رہائش اختیار کرنا۔
6۔ پاکستان میں داخلہ اور پاکستان سے ترک وطن اور اخراج ، بشمول اس سلسلہ میں پاکستان میں ایسے اشخاص کی نقل و حرکت کے انضباط کے جو پاکستان میں سکونت نہ رکھتے ہوں ؛ پاکستان سے باہر کے مقامات کی زیارات۔
7۔ ڈاک و تار بشمول ٹیلی فون، لاسلکی، نشریات اور مواصلات کے ایسے ہی دیگر ذرائع ؛ ڈاک خانے کا سیونگ بینک۔
8۔ کرنسی، سکہ سازی اور زر قانونی۔
9۔ زرمبادلہ؛ چیک ، مبادلہ ہنڈیاں ، پرونوٹ اور اسی طرح کی دیگر دستاویزات۔
10۔ وفاق کا سرکاری قرضہ، بشمول وفاقی مجموعی فنڈ کی کفالت پر رقم قرض لینا؛ غیر ملکی قرضہ جات اور غیر ملکی امداد۔
11۔ وفاقی سرکاری ملازمتیں اور وفاقی پبلک سروس کمیشن۔
12۔ وفاقی پینشنیں ، یعنی وفاق کی طرف سے یا وفاقی مجموعی فنڈ سے واجب الادا پینشنیں۔
13۔ وفاقی محتسب۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.