جدول سوم۔ عہدوں کے حلف ۔وزیر اعظم

آرٹیکل 91(5)
﷽
(شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے۔)
میں،۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔، صدق دل سے حلف اٹھاتا ہوں کہ میں مسلمان ہوں اوروحدت و توحید قادر مطلق اللہ تبارک و تعالیٰ ، کتب الٰہیہ ، جن میں قرآن پاک خاتم الکتب ہے ، نبوت حصرت محمد ﷺ بحیثیت خاتم النبیین جن کے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا، روز قیامت اور قرآن پاک و سنت کی جملہ مقتضیات و تعلیمات پر ایمان رکھتا ہوں:
کہ میں خلوص نیت سے پاکستان کا حامی اور وفادار رہوں گا:
کہ ، بحیثیت وزیراعظم پاکستان ، میں اپنے فرائض و کارہائے منصبی ایمانداری ، اپنی انتہائی صلاحیت اور وفاداری کے ساتھ ، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور اور قانون کے مطابق ، اور ہمیشہ پاکستان کی خود مختاری ، سالمیت استحکام ، یکجہتی اور خوشحالی کی خاطر انجام دوں گا:
کہ میں اسلامی نظریہ کو برقرار رکھنے کےلئے کوشاں رہوں گا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے:
کہ میں اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری کام یا اپنے سرکاری فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہونے دوں گا:
کہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا، اور اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا:
اور یہ کہ میں ، ہر حالت میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ، بلا خوف و رعایت اور بلا رغبت و عناد، قانون کے مطابق انصاف کروں گا:
اور یہ کہ میں کسی شخص کو بلاواسطہ یا بالواسطہ کسی ایسے معاملے کی نہ اطلاع دوں گا نہ اسے ظاہر کروں گا جو بحیثیت وزیراعظم پاکستان میرے سامنے غور کے لئے پیش کیا جائیگا یا میرے علم میں آئیگا بجز جب کہ بحیثیت وزیراعظم اپنے فرائض کی کما حقہ ، انجام دہی کے لئے ایسا کرنا ضروری ہو۔
اللہ تعالیٰ میر ی مد د اور رہنمائی فرمائے (آمین)۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.