LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

جدول سوم۔ عہدوں کے حلف ۔صدر (آرٹیکل ۔42)

By Super Admin
جدول سوم۔ عہدوں کے حلف ۔صدر (آرٹیکل ۔42)


(شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے۔)
میں،۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔، صدق دل سے حلف اٹھاتا ہوں کہ میں مسلمان ہوں اوروحدت و توحید قادر مطلق اللہ تبارک و تعالیٰ ، کتب الٰہیہ ، جن میں قرآن پاک خاتم الکتب ہے ، نبوت حصرت محمد ﷺ بحیثیت خاتم النبیین جن کے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا، روز قیامت اور قرآن پاک و سنت کی جملہ مقتضیات و تعلیمات پر ایمان رکھتا ہوں:
کہ میں خلوص نیت سے پاکستان کا حامی اور وفاداررہوں گا:
کہ ، بحیثیت صدر پاکستان میں اپنے فرائض و کارہائے منصبی ایمانداری ، اپنی انتہائی صلاحیت اور وفاداری کے ساتھ ، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور اور قانون کے مطابق اور ہمیشہ پاکستان کی خود مختاری ، سالمیت ، استحکام، یکجہتی اور خوشحالی کی خاطر انجام دوں گا:
کہ میں اسلامی نطر یہ کو برقرار رکھنے کے لئے کوشاں رہوں گا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے:
کہ میں اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری کام یا اپنے سرکاری فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہونے دوں گا:
کہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا اور اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا:
کہ ، میں ہر حالت میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ ، بلاخوف و رعایت اور بلا رغبت وعناد، قانون کے مطابق انصاف کروں گا:
اور یہ کہ میں کسی شخص کو بلا واسطہ یا بالواسطہ کسی ایسے معاملے کی نہ اطلاع دوں گا اور نہ اسے ظاہر کروں گا جو بحیثیت صدر پاکستان میرے سامنے غور کے لئے پیش کیا جائے گا یا میرے علم میں آئیگا بجز جب کہ بحیثیت صدر اپنے فرائض کی کما حقہ ، انجام دہی کے لئے ایسا کرنا ضروری ہو۔
اللہ تعالیٰ میری مدد اور رہنمائی فرمائے (آمین)۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.