LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

ملازمت پاکستان میں اشخاص کا عہدوں پر برقرار رہنا وغیرہ

By Super Admin
ملازمت پاکستان میں اشخاص کا عہدوں پر برقرار رہنا وغیرہ

1۔ دستور کے تابع اور آرٹیکل 240 کے تحت قانون بننے تک، کوئی شخص جو یوم آغاز سے عین قبل ملازمت پاکستان میں تھا، اس تاریخ سے انہی قیود و شرائط پر ملازمت پاکستان میں برقرار رہے گا، جن کا اس دن سے عین قبل اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عبوری دستور کے تحت اس پر اطلاق ہوتا تھا۔
2۔ شق(1) اس شخص کی بابت بھی اطلاق پذیر ہوگی جو یوم آغاز سے عین قبل حسب ذیل عہدہ پر فائز تھا
(الف) چیف جسٹس پاکستان یا عدالت عظمیٰ کا دیگر جج ، یا کسی عدالتِ عالیہ کا چیف جسٹس یا دیگر جج؛
(ب) کسی صوبے کا گورنر؛
(ج) کسی صوبے کا وزیر اعلیٰ؛
(د) قومی اسمبلی یا کسی صوبائی اسمبلی کا اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر؛
(ہ) چیف الیکشن کمشنر؛
(و) پاکستان کا اٹارنی جنرل یا کسی صوبے کا ایڈووکیٹ جنرل؛ یا
(ز) پاکستان کا محاسب اعلیٰ۔
3۔ دستور میں شامل کسی امر کے باوجود ، یوم آغاز سے چھ ماہ کی مدت کے لئے ، کوئی وفاقی وزیر یا کوئی وزیر مملکت یا کسی صوبے کا وزیر اعلیٰ یا کوئی صوبائی وزیر ایسا شخص ہوسکے گا جو مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) یا جیسی بھی صورت ہو، اس صوبے کی صوبائی اسمبلی کا رکن نہ ہو؛ اور ایسے وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزیر کو صوبائی اسمبلی میں یا اس کی کسی ایسی کمیٹی میں، جس کا اسے رکن نامزد کیا جائے ، تقریر کرنے اور بصورت دیگر کاروائی میں حصہ لینے کا حق ہوگا، البتہ اس شق کی رو سے وہ ووٹ دینے کا مستحق نہیں ہوگا۔
4۔ کوئی شخص ، جو اس آرٹیکل کے تحت کسی ایسے عہدہ پر برقرار رکھاجائے جس کے لئے جدول سوم میں حلف کی عبارت مقرر کی گئی ہے، یوم آغاز کے بعد ، جس قدر جلد ممکن العمل ہو، شخص مجاز کے سامنے مذکورہ عبارت میں حلف اٹھائے گا۔
5۔ دستور اور قانون کے تابع۔۔
(الف) کل دیوانی ، فوجداری اور مال کی عدالتیں جو یوم آغاز سے عین قبل اپنا اختیار سماعت استعمال کررہی ہوں اور کارہائے منصبی انجام دی رہی ہوں، یوم مذکورہ سے اپنے اپنے اختیارات سماعت استعمال کرتی رہیں گی اور کارہائے منصبی انجام دیتی رہیں گی؛ اور
(ب) پاکستان بھر میں جملہ ہیئت ہائے مجاز اور افسران (خواہ عدالتی ، انتظامی، مال گزاری یا وزارتی) یوم آغاز سے عین قبل، جو کارہائے منصبی انجام دے رہے ہوں ، یوم مذکورہ سے اپنے کارہائے منصبی انجام دیتے رہیں گے۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.