جائیداد ، اثاثہ جات حقوق، ذمہ داریوں اور وجوب کا تصرف

1۔ تمام جائیداد اور اثاثے جو یوم آغاز سے عین قبل صدر یا وفاقی حکومت کے تصر ف میں تھے یوم مذکورہ سے وفاقی حکومت کے تصرف میں رہیں گے تاوقتیکہ انہیں ایسے اغراض کے لئے استعمال نہ کیا جاتا ہو، جو یوم مذکورہ پر کسی صوبے کی حکومت کی اغراض بن گئی ہوں ، تو ایسی صورت میں ، اس دن سے ، ان پر اس صوبے کی حکومت کا تصرف ہوجائے گا۔
2۔ تمام املاک اور اثاثے جو ، یوم آغاز سے عین قبل، کسی صوبے کی حکومت کے تصرف میں تھے یوم مذکورہ سے اس صوبے کی حکومت کے تصرف میں بدستور رہیں گے تاوقتیکہ انہیں ایسی اغراض کے لئے استعمال نہ کیا جاتا ہو، جو یوم مذکورہ پر وفاقی حکومت کی اغراض بن گئی ہوں ، تو ایسی صورت میں اس دن سے ان پر وفاقی حکومت کا تصرف ہوجائے گا۔
3۔ وفاقی حکومت یا کسی صوبے کی حکومت کے جملہ حقوق ، ذمہ داریاں اور وجوب ، خواہ وہ کسی معاہدے سے پیدا ہوئے ہوں یا بصورت دیگر ، یوم آغاز سے بالترتیب وفاقی حکومت یا اس صوبے کی حکومت کے حقوق ، ذمہ داریاں اور وجوب رہیں گے بجز اس کے کہ
(الف) کسی ایسے معاملے سے متعلق جملہ حقوق ، ذمہ داریاں اور وجوب جو یوم مذکور سے عین قبل، وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی، لیکن جو دستور کے تحت ، کسی صوبے کی حکومت کی ذمہ داری بن گئے ہیں، اس صوبے کی حکومت کو منتقل ہوجائیں گے ؛ اور
(ب) کسی ایسے معاملے سے متعلق جملہ حقوق ، ذمہ داریاں اور وجوب جو، یوم مذکور سے عین قبل ، کسی صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھے لیکن جو دستور کے تحت ، وفاقی حکومت کی ذمہ داری بن گئے ، وفاقی حکومت کو منتقل ہو جائیں گے۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.