LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

باب5۔ توضیح (تعریفات)

By Super Admin
باب5۔ توضیح  (تعریفات)

1۔ دستور میں ، تاوقتیکہ سیاق و سباق عبارت سے کچھ اور مطلب نہ نکلتا ہو، مندرجہ ذیل الفاظ کے وہی معنی لئے جائیں گے جو بذریعہ ہذا ان کے لئے بالترتیب مقرر کئے گئے ہیں، یعنی،۔۔۔۔
"مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) کے ایکٹ" سے وہ ایکٹ مراد ہے جو مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) یا قومی اسمبلی نے منظور کیا ہو اور صدر نے اس کی منظوری دی ہو یا صدر کی طرف سے اس کا منظور شدہ ہونا متصور ہو؛
"صوبائی اسمبلی کے ایکٹ " سے وہ ایکٹ مراد ہے جو کسی صوبے کی صوبائی اسمبلی نے منظور کیا ہو اور گورنر نے اس کی منظوری دی ہو یا گورنر کی طرف سے اس کا منظور شدہ ہونا متصور ہو؛
"زرعی آمدنی " سے وہ زرعی آمدنی مراد ہے جس کی تعریف محصول آمدنی سے متعلق قانون کی اغراض کے لئے کی گئی ہے؛
" آرٹیکل" سے دستور کا آرٹیکل مراد ہے؛
"قرض لینے" میں رقوم سالیانے کے ذریعے رقوم حاصل کرنا شامل ہے اور "قرضہ " کے معنی بھی اسی طریقے پر لئے جائیں گے؛
"چیئر مین " سے سینیٹ کا چیئر مین مراد ہے اور ، ماسوائے آرٹیکل 49میں ، اس میں وہ شخص بھی شامل ہے جو سینیٹ کے چیئر مین کے طور پر کام کررہا ہو؛
"چیف جسٹس " میں ، عدالتِ عظمیٰ اور کسی عدالتِ عالیہ کے سلسلے میں وہ جج بھی شامل ہے جو فی الوقت عدالت کے چیف جسٹس کے طور پر کام کررہا ہو؛
"شہری " سے پاکستان کا وہ شہری مراد ہے ، جس کی قانون کے ذریعے تعریف کی گئی ہے؛
"شق" سے اس آرٹیکل کی شق مراد ہے جس میں وہ واقع ہو؛
"کارپوریشن محصول" سے آمدنی پر کوئی محصول مراد ہے ، جو کمپنیوں کی طرف سے واجب الاداہو اور جس کی بابت حسب ذیل شرائط کا اطلاق ہوتا ہو:۔
(الف) وہ محصول زرعی آمدنی کی بابت واجب الوصول نہ ہو؛
(ب) کمپنیوں کی طرف سے ادا کردہ محصول کی بابت کوئی تخفیف ، کسی قانون کی رُو سے جس کا اطلاق اس محصول پر ہوتا ہو کمپنیوں کی طرف سے افراد کو واجب الا دا منافع سے نہ کی جاتی ہو؛
(ج) محصول آمدنی کی اغراض کے لئے مذکورہ منافع وصول کرنیوالے افراد کی کل آمدنی شمار کرنے میں یا ایسے افراد کی طرف سے واجب الا دا یا ان کو قابل واپسی محصول آمدنی شمار کرنے میں اس طرح ادا کردہ محصول کو شامل کرنے کے لئے کوئی حکم موجود نہ ہو؛
"قرضہ" میں وہ ذمہ داری شامل ہے جو کسی سرمایہ کی رقم کی بطور سالانہ بازادائی کے وجوب کے متعلق ہو اور اس میں وہ ذمہ داری بھی شامل ہوگی جو کسی قسم کی ضمانت لینے کی وجہ سے پیدا ہو، اور "اخراجات قرضہ" کا مطلب اس لحاظ سے نکالا جائے گا؛
"محصول ترکہ" سے وہ محصول مراد ہے جو ایسی جائیداد کی ، جو کسی شخص کی وفات پر منتقل ہوئی ہو، مالیت پر یا اس کے حوالے سے تشخیص کیا جائے؛
"موجودہ قانون" سے وہی معنی مراد ہیں جو آرٹیکل 268کی شق (7) میں دیئے گئے ہیں :
"وفاقی قانون" سے وہ قانون مراد ہے جو مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) کا بنایا ہوا یا اس کے اختیار کے تحت وضع کیا گیا ہو؛
"مالی سال" سے جولائی کی پہلی تاریخ سے شروع ہونے والا کوئی سال مراد ہے؛
"مال" میں تمام مال واسباب ، سامان اور اشیاء شامل ہیں؛
" گورنر" سے کسی صوبہ کا گورنر مراد ہے اور اس مین کوئی ایسا شخص شامل ہے جو فی الوقت صوبہ کے قائم مقام گورنر کی حیثیت سے کام کررہا ہو؛
"ضمانت " میں ہر وہ وجوب شامل ہے جو کسی کاروبار کے منافع کا کسی مصرحہ رقم سے گر جانے کی صورت میں ادائیگی کرنے کےلئے یوم آغاز سے قبل قبول کیا گیاہو؛
"ایوان" سے سینیٹ یا قومی اسمبلی مراد ہے؛
"مشترکہ اجلاس " سے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس مراد ہے؛
"جج" میں عدالتِ عظمیٰ یا کسی عدالتِ عالیہ کے سلسلے میں اس عدالت کا چیف جسٹس شامل ہے اور اس میں حسب ذیل بھی شامل ہیںــــــ
(الف) عدالتِ عظمیٰ کے سلسلے میں ، وہ شخص جو عدالت کے قائم مقام جج کی حیثیت سے کام کررہا ہو؛ اور
(ب) عدالت ِ عالیہ کے سلسلہ میں وہ شخص جو اس عدالت کا زائد جج ہو؛
"مسلح افواج کے ارکان" میں وہ افراد شامل نہیں ، جو فی الوقت مسلح افواج کے ارکان سے متعلق کسی قانون کے تابع نہ ہوں :
"خالص آمدنی" سے کسی محصول یا ڈیوٹی کے سلسلے میں وہ آمدنی مراد ہے جو وصولی کے اخراجات وضع کرنے کے بعد باقی بچے اور اس کی تحقیق و تصدیق محاسب ِ اعلیٰ کی طرف سے کی جائے؛
"حلف " میں اقرار صالح شامل ہے؛
"حصہ" سے دستور کا حصہ مراد ہے؛
"پنشن " سے کسی بھی قسم کی پنشن مراد ہے خواہ وہ شرکتی ہو یا نہ ہو ، جو کسی شخص کو یا اس کی بابت ادا کی جائے اور اس میں فارغ خدمت ہونے کی تنخواہ یا انعامی رقم (گریجوایٹی) شامل ہے جو مذکورہ طور پر ادا کی جائے اور اس میں وہ رقم یا رقوم بھی شامل ہیں جو کسی سرمایہ کفالت میں جمع کئے ہوئے روپے کے سود کے ساتھ یا بلاسود یا کسی اضافہ کے ساتھ مذکورہ طور پر واپس ادا کی جائیں؛
"شخص" میں کوئی ہیئت سیاسی یا ہیئت اجتماعیہ شامل ہے؛
"صدر" سے صدرِ پاکستان مراد ہے اور اس میں وہ شخص شامل ہے جو فی الوقت قائم مقام صدرِ پاکستان کی حیثیت سے کام کررہا ہو ، یا اس کے کارہائے منصبی انجام دے رہا ہو، اور کسی ایسے امر کے بارے میں جس کا دستور کے تحت یوم آغاز سے قبل کرنا ضروری تھا، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عبوری دستور کے تحت صدر مراد ہے؛
"جائیداد" میں منقولہ یا غیر منقولہ ، جائیداد پر کوئی حق، استحقاق یا مفاد، اور پیداوار کے کوئی ذرائع اور وسائل شامل ہیں؛
"صوبائی قانون" سے صوبائی اسمبلی کا بنایا ہوا یا اس کے اختیار کے تحت وضع کردہ کوئی قانون مراد ہے؛
"مشاہرہ" میں تنخواہ اور پنشن شامل ہیں؛
"جدول " سے دستور کی جدول مراد ہے؛
"پاکستان کی سلامتی " میں پاکستان اور پاکستان کے ہر حصے کا تحفظ ، فلاح و بہبود ، استحکام اور سالمیت شامل ہے لیکن اس میں تحفظ عامہ اس حیثیت سے شامل نہیں ہوگا؛
"ملازمت پاکستان" سے وفاق یا کسی صوبے کے امور سے متعلق کوئی ملازمت ، آسامی یا عہدہ مراد ہے ، اور اس میں کوئی کل پاکستان ملازمت ، مسلح افواج میں ملازمت اور کوئی دوسری ملازمت شامل ہے جسے مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) یا کسی صوبائی اسمبلی کے کسی ایکٹ کے ذریعے یا اس کے تحت ملازمت پاکستان قرار دیا گیا ہو، لیکن اس میں اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر، چیئر مین ، ڈپٹی چیئر مین ، وزیراعظم، وفاقی وزیر، وزیر مملکت ، وزیر اعلیٰ ، صوبائی وزیر ، اٹارنی جنرل ، ایڈووکیٹ جنرل، پارلیمانی سیکرٹری یا کسی قانون کمیشن کا چیئر مین یا رکن ، اسلامی نظریا تی کونسل کا چیئر مین یا رکن ، وزیر اعظم کا خصوصی معاون ، وزیر اعظم کا مشیر ، کسی وزیر اعلیٰ کا خصوصی معاون ، کسی وزیر اعلیٰ کا مشیر یا کسی ایوان یا کسی صوبائی اسمبلی کا رکن شامل نہیں ہے؛
" اسپیکر " سے قومی اسمبلی یا کسی صوبائی اسمبلی کا اسپیکر مراد ہے اور اس میں کوئی ایسا شخص شامل ہے جو قائم مقام اسپیکر کی حیثیت سے کام کررہا ہو:
"محصولات " میں کوئی محصول یا ڈیوتی عائد کرنا شامل ہے، خواہ وہ عام ہو، مقامی ہو یا خاص ہو ، اور محصول لگانے کا مطلب اسی لحاظ سے نکالاہ جائے گا۔
"آمدنی پر محصول " میں محصول زائد منافع یا محصول کاروبار ی منافع کی نوعیت کا محصول شامل ہے۔
2۔ دستور میں مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے ایکٹ " یا " وفاقی قانون"یا " صوبائی اسمبلی کے ایکٹ " یا " صوبائی قانون" میں صدر یا جیسی بھی صورت ہو ، کسی گورنر کا جاری کردہ کوئی آرڈیننس شامل ہوگا۔
3۔ دستور اور تمام وضع شدہ قوانین اور دیگر قانونی دستاویزات میں ، تاوقتیکہ موضوع یا سیاق و سباق میں کوئی امر اس کے منافی نہ ہو، ـــــ
(الف ) " مسلم" سے کوئی ایسا شخص مراد ہے جو وحدت و توحید قادر مطلق اللہ تبارک و تعالیٰ ، خاتم النبین حضرت محمد (ﷺ) کی ختم نبوت پر مکمل اور غیر مشروط طور پر ایمان رکھتا ہو اور پیغمبر یا مذہبی مصلح کے طور پر کسی ایسے شخص پر نہ ایمان رکھتا ہو نہ اسے مانتا ہو جس نے حضرت محمد (ﷺ) کے بعد اس لفظ کے کسی بھی مفہوم یا کسی بھی تشریح کے لحاظ سے پیغمبر ہونے کا دعویٰ کیا ہو یا جو دعویٰ کرئے ؛ اور
(ب) " غیر مسلم" سے کوئی ایسا شخص مراد ہے جو مسلم نہ ہو اور اس میں عیسائی ، ہندو ، سکھ بدھ یا پارسی فرقے سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص ، قادیانی گروپ یا لاہوری گروپ کا (جو خود کو 'احمدی' یا کسی اور نام سے موسوم کرتے ہیں ) کوئی شخص یا کوئی بہائی ، اور جدولی ذاتوں میں سے کسی سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص شامل ہے۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.