LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

صدر، گورنر، وزیر وغیرہ کا تحفظ

By Super Admin
صدر، گورنر، وزیر وغیرہ کا تحفظ

باب 4۔ عام
1۔ صدر، کوئی گورنر ، وزیر اعظم ، کوئی وفاقی وزیر، کوئی وزیر مملکت ، وزیر اعلیٰ اور کوئی صوبائی وزیر اپنے متعلقہ عہدے کے اختیارات استعمال کرنے اور ان کے کارہائے منصبی انجام دینے کی بناء پر ، یا کسی ایسے فعل کی بناء پر جوان اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اور کارہائے منصبی انجام دیتے ہوئے کئے گئے ہوں یا جن کا کیا جانا مترشح ہو، کسی عدالت کے سامنے جوابدہ نہیں ہوں گے:
مگر شرط یہ ہے کہ اس شق میں کسی امر سے کسی شخص کے وفاق یا صوبے کے خلاف مناسب قانونی کاروائیاں کرنے کے حق میں مانع ہونے کا مفہوم اخذ نہیں کیا جائے گا۔
2۔ صدر یا کسی گورنر کے خلاف ، اس کے عہدے کی میعاد کے دوران کسی عدالت میں کوئی فوجداری مقدمات نہ قائم کئے جائیں گے اور نہ جاری رکھے جائیں گے۔
3۔ صدر یا کسی گورنر کے عہدے کی میعاد کے دوران کسی عدالت کی طرف سے اس کی گرفتاری یا قید کے لئے کوئی حکم جاری نہیں ہوگا۔
4۔ صدر یا کسی گورنر کے خلاف ، خواہ اس کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے یا بعد میں اس کی ذاتی حیثیت میں کسی فعل کے کرنے یا نہ کرنے سے متعلق ، اس کے عہدے کی میعاد کے دوران کوئی دیوانی مقدمہ جس میں اس کے خلاف داد رسی چاہی گئی ہو، قائم نہیں کیا جائے گا ، تاوقتیکہ مقدمہ قائم ہونے سے کم از کم ساٹھ دن پیشتر اس کو تحریری نوٹس نہ دیا گیا ہو یا قانون کے ذریعے مقررہ طریقے کے مطابق نہ بھیجا گیا ہو جس میں مقدمہ کی نوعیت ، کاروائی کی وجہ اس فریق کا نام ، کیفیت اور جائے رہائش جس کی جانب سے مقدمہ قائم ہونا ہے اور داد رسی جس کا دعویٰ وہ فریق کرتا ہے درج ہو۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.