مسلح افواج کے کارہائے منصبی

(آرٹیکل245)
1۔ مسلح افواج ، وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت ، بیرونی جارحیت یا جنگ کے خطرے کےخلاف پاکستان کا دفاع کریں گی ، اور ؛ قانون کے تابع ، شہری حکام کی امداد میں ، جب ایسا کرنے کیلئے طلب کی جائیں ، کام کریں گی۔
2۔ شق(1) کے تحت وفاقی حکومت کی طرف سے جاری شدہ کسی ہدایت کے جواز کو کسی عدالت میں زیر اعتراض نہیں لایا جائے گا۔
3۔ کوئی عدالت عالیہ کسی ایسے علاقے میں جس میں پاکستان کی مسلح افواج ، فی الوقت آرٹیکل 245 کی تعمیل میں شہری حکام کی مدد کے لئے کام کررہی ہوں، آرٹیکل 199 کے تحت کوئی اختیار سماعت استعمال نہیں کرئے گی:
مگر شرط یہ ہے کہ اس شق کا اس دن سے عین قبل جس پر مسلح افواج نے شہری حکا م کی مدد کے لیے کام کرنا شروع کیا ہو کسی زیر سماعت کاروائی سے متعلق عدالت عالیہ کےاختیار سماعت کو متاثر کرنا متصور نہیں ہوگا۔
4۔ شق(3) میں محولہ کسی علاقہ سے متعلق کوئی کاروائی جسے اس دن یا اس کے بعد دائر کیا گیا ہو جبکہ مسلح افواج نے شہری حکام کی مدد کے لیے کام شروع کیا ہو اور جو کسی عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہو، اس عرصے کے لیے معطل رہے گی جس کے دوران مسلح افواج بایں طور کام کر رہی ہوں۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.