ہنگامی حالت کی مدت کے دوران بنیادی حقوق وغیرہ کو معطل کرنے کا اختیار

آرٹیکل 15،16،17،18،19اور 24میں شامل کوئی امر ، جبکہ ہنگامی حالت کا اعلان نافذ العمل ہو، مملکت کے جیسا کہ آرٹیکل 7 میں تعریف کی گئی ہے ، کوئی قانون وضع کرنے یا کوئی عاملانہ قدم اٹھانے کے اختیا رپر جس کے کرنے یا اٹھانے کی وہ مجاز ہوتی اگر مذکورہ آرٹیکل میں شامل احکام نہ ہوتے ، پابندی عائد نہیں کرئے گا مگر اس وضع شدہ کوئی قانون ، اس وقت جبکہ مذکورہ اعلان منسوخ کردیا جائے یا نافذ العمل نہ رہے ، اس عدم اہلیت کی حد تک غیر موئثر ہو جائے گا اور منسوخ شدہ متصور ہوگا۔
2۔ جس دوران ہنگامی حالت کا اعلان نافذ العمل ہو، صدر بذریعہ فرمان یہ اعلان کرسکے گا کہ حصہ دوم کے باب اول کی رو سے عطا کردہ بنیادی حقوق میں سے ان کے نفاذ کے لئےجن کی فرمان میں صراحت کردی جائے کسی عدالت سے رجوع کرنے کا حق اور کسی عدالت میں کوئی کاروائی جو اس طرح مصرحہ حقوق میں سے کسی کے نفاذ کے لئے ہو یا جس میں ان حقوق میں سے کسی کی خلاف ورزی کے متعلق کسی سوال کا تعین مطلوب ہو، اس مدت کے لئے معطل رہے گی جس کے دوران مذکورہ اعلان نافذ العمل رہے اور ایسا کوئی فرمان پورے پاکستان یا اس کے کسی حصہ کے بارے میں صادر کیا جاسکے گا۔
3۔ اس آرٹیکل کے تحت صادر کردہ ہر فرمان ، جتنی جلد ممکن ہو، مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے دونوں ایوانوں میں علیحدہ علیحدہ منظوری کے لئے پیش کیا جائیگا اور آرٹیکل 232 کی شقات (7) اور (8) کے احکام کا اطلاق ایسے فرمان پر اس طرح ہوگا جس طرح ان کا اطلاق ہنگامی حالت کے اعلان پر ہوتا ہے۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.