LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

کمیٹی یا الیکشن کمیشن کی جانب سے تصفیہ

By Super Admin
کمیٹی یا الیکشن کمیشن کی جانب سے تصفیہ

1۔ رخصت ہونے والی قومی اسمبلی کے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کا قومی اسمبلی کی تحلیل کے تین دنوں کے اندر، کسی شخص کے بطور نگران وزیر اعظم تقرری پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں ، وہ انفرادی طور پر نامزد کردہ دو نام ، قومی اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے فوری طور پر تشکیل کردہ ، کمیٹی کو ارسال کریں گے۔ یہ کمیٹی رخصت ہونے والی قومی اسمبلی یا سینیٹ یا دونو ں سے آٹھ اراکین پر مشتمل ہوگی، جس میں حکومت اور حزب اختلاف کو مساوی نمائندگی حاصل ہوگی، اور جن کی نامزدگی علی الترتیب وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے کی جائے گی۔
2۔ رخصت ہونے والی صوبائی حکومت کے وزیر اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کا اس اسمبلی کی تحلیل کےتین دنوں کے اندر کسی شخص کے بطور نگران وزیر اعلیٰ تقرری پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں ، وہ انفرادی طور پر نامزد کردہ دو نام ، صوبائی اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے فوری طور پر تشکیل کردہ ، کمیٹی کو ارسال کریں گے۔ یہ کمیٹی رخصت ہونے والی صوبائی اسمبلی کے چھ اراکین پر مشتمل ہوگی، جس میں حکومت اور حزب اختلاف کو مساوی نمائندگی حاصل ہوگی اور جن کی نامزدگی علی الترتیب وزیر اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے کی جائے گی۔
3۔ شق(1) یا (2) کے تحت تشکیل کردہ کمیٹی معاملہ اس کے سپرد کئے جانے کے تین دن کے اندر نگران وزیراعظم یا نگران وزیر اعلیٰ جیسی بھی صورت ہو کے نام کو حتمی شکل دے گی:
مگر شرط یہ ہے کہ کمیٹی کی جانب سے مذکورہ بالا مدت کے اندر معاملہ کا فیصلہ نہ کرپانے کی صورت میں، نامزدگان کے نام الیکشن کمیشن پاکستان کو بھجوائے جائیں گے جو دونوں میں حتمی فیصلہ کرئے گا۔
4۔ موجودہ وزیر اعظم اور موجودہ وزیر اعلیٰ نگران وزیراعظم اور نگران وزیر اعلیٰ جو بھی صورت ہوکے تقرر تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔
5۔ شق (1) اور (2) میں شامل کسی امر کے باوجود ، اگر حزب اختلاف کے اراکین کی تعداد مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) میں پانچ سے کم اور کسی صوبائی اسمبلی میں چار سے کم ہوتو وہ تمام مذکورہ بالا شقا ت میں بیان کردہ کمیٹی کے اراکین ہوں گے اور کمیٹی باضابطہ تشکیل کردہ متصور ہوگی۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.