انتخاب اور ضمنی انتخاب کا وقت

1۔ قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کاعام انتخاب اس دن سے فوراََ بعد ساٹھ دن کے اندر کرایا جائےگا جس دن اسمبلی کی میعاد ختم ہونے والی ہو، بجز اس کے کہ اسمبلی اس سے پیشتر تحلیل نہ کردی گئی ہو، اور انتخاب کے نتائج کا اعلان اس دن سے زیادہ سے زیادہ چودہ دن کے اندر کردیا جائے گا۔
(1۔الف) اپنی مدت مکمل کرنے پر قومی اسمبلی کی تحلیل یا آرٹیکل 58 یا آرٹیکل 112 کے تحت تحلیل کی صورت میں صدر یا گورنر جیسی بھی صورت ہو نگران کابینہ کا تقرر کرئے گا:
مگرشرط یہ ہے کہ صدر نگران وزیراعظم کا تقرر جانے والی قومی اسمبلی کے وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کرئے گا اور نگران وزیراعلی کا تقرر گورنر جانے والی صوبائی اسمبلی کے وزیر اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کرئے گا:
مگر شرط یہ ہے کہ اگر وزیر اعظم یا کوئی وزیر اعلیٰ اور ان کا متعلقہ قائد حزب اختلاف نگران وزیر اعظم یا نگران وزیر اعلیٰ ، جیسی بھی صورت ہو کے طور پر کسی شخص کی تقرری پر متفق نہ ہوں تو ، آرٹیکل 224 الف کے احکامات کی پیروی کی جائے گی:
شرط یہ بھی ہے کہ نگران وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اراکین کا تقرر نگران وزیراعظم یا نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہوگا ، جیسی بھی صورت ہو۔
(1۔ب) نگران کابینہ کے ارکان بشمول نگران وزیر اعظم اور نگران وزیر اعلیٰ اور ان کے قریبی خاندان کے افراد مذکورہ اسمبلیوں کے فی الفور آنے والے الیکشنوں میں مقابلہ کرنے کے اہل نہ ہوں گے۔
تشریح:۔ اس شق میں " قریبی خاندان کے افراد " سے زوج اور بچے مراد ہیں۔
2۔ جب قومی اسمبلی یا کوئی صوبائی اسمبلی توڑ دی جائے تو اس اسمبلی کا عام انتخاب اس کے توڑے جانے کے بعد نوے دن کی مدت کے اندر کرایا جائے گا اور انتخاب کے نتائج کا اعلان رائے دہی ختم ہونے کے بعد زیادہ سے زیادہ چودہ دن کے اندر کردیا جائے گا۔
3۔ سینیٹ کی ان نشستوں کو پُر کرنے کی غرض سے جو سینیٹ کے ارکان کی میعاد کے اختتام پر خالی ہونے والی ہوں ، انتخاب عین اس دن سے جس پر نشستیں خالی ہونے والی ہوں زیادہ سے زیادہ تیس دن پہلے منعقد ہوگا۔
4۔ جب قومی اسمبلی یا کسی صوبائی اسمبلی کے ٹوٹ جانے کے علاوہ مذکورہ اسمبلی میں کوئی عام نشست اس اسمبلی کی میعاد ختم ہونے سے کم سے کم ایک سو بیس دن پہلے خالی ہوجائے تو اس نشست کے پُر کرنے کے لئے انتخاب اس نشست کے خالی ہونے سے ساٹھ دن کے اندر کرایا جائے گا۔
5۔ جب سینیٹ میں کوئی نشست خالی ہوجائے تو اس نشست کو پُر کرنے کے لئے انتخاب اس کے خالی ہونے سے تیس دن کے اندر کرایا جائے گا۔
6۔ جب قومی یا کسی صوبائی اسمبلی میں خواتین اور غیر مسلموں کے لئے مختص نشست موت کی وجہ سے استعفیٰ یا رکن کی نا اہلیت کی بناء پر خالی ہوگئی ہو تواسے اس سیاسی جماعت جس کے رکن کی موت کی وجہ سے وہ نشست خالی ہوئی ، کی جانب سے الیکشن کمیشن کو امیدواران کی داخل کردہ فہرست میں سے بلحاظ اگلے مقدم ترین شخص سے پُر کی جائے گی؛
مگر شرط یہ ہے کہ اگر کسی بھی وقت پر جماعتی فہرست ختم ہوجائے تو متعلقہ سیاسی جماعت کسی آسامی کے لیے نام پیش کرئے گی جو اس کے بعد آئے۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.