LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

مالی اقدامات کے لئے صوبائی حکومت کی رضامندی ضروری ہوگی

By Super Admin
مالی اقدامات کے لئے صوبائی حکومت کی رضامندی ضروری ہوگی

1۔ کسی مالی بل ، یا کسی بل یا ترمیم کو جواگر وضع اور نافذ العمل ہوجائے تو صوبائی مجموعی فنڈ سے اخراجات یا صوبے کے سرکاری حسابات میں سے رقم کی بازخواست کا باعث ہو صوبائی اسمبلی میں پیش نہیں کیا جائے گا یا اس کی تحریک نہیں کی جائے گی بجز اس کے کہ صوبائی حکومت اسے پیش کرئے یا اس کی تحریک کرئے یا اس کی رضامندی سے ایسا کیا جائے۔
2۔ اس آرٹیکل کی اغراض کے لئے کسی بل یا ترمیم کو مالی بل تصور کی جائے گا اگر اس میں شامل احکام کا تعلق مندرجہ ذیل میں سے کسی ایک یا تمام معاملات سے ہو، یعنی:ــــــــ
(الف ) کسی محصول کا عائد کرنا، منسوخ کرنا، اس مین تخفیف کرنا، کمی بیشی کرنا یا اسے منضبط کرنا؛
(ب) صوبائی حکومت کی جانب سے رقم بطور قرض لینا یا کوئی ضمانت دینا یا اس حکومت کی مالی ذمہ داریوں کی بابت قانون میں ترمیم؛
(ج) صوبائی مجموعی فنڈ کی تحویل ، اس میں رقوم کی ادائیگی یا اس فنڈ ، میں سے رقوم کا اجراء ؛
(د) صوبائی مجموعی فنڈ پر کوئی وجوب عائد کرنا یا کسی ایسے وجوب کو منسوخ کرنا یا اس میں کوئی تبدیلی کرنا:
(ہ) صوبے کے سرکاری حساب میں رقوم وصول کرنا، ایسی رقوم کی تحویل یا ان کا اجراء ؛ اور
(و) ماقبل پیروں میں مذکورہ امور میں سے کسی سے متعلق کوئی ضمنی امر۔
3۔ کوئی بل محض اس وجہ سے مالی بل متصور نہیں ہوگا کہ اس میں حسبِ ذیل امور کے بارے میں احکام وضع کئے گئےہیں ـــــــ
(الف) کوئی جرمانہ یا دیگر مالی تعزیر عائد کرنے یا اس میں تبدیلی کرنے سے متعلق یا کسی لائسنس فیس یا کسی انجام دی گئی خدمت کی فیس یا خرچ کے مطالبے یا ادائیگی سے متعلق ؛ یا
(ب) مقامی اغراض کے لئے کسی مقامی ہیئت مجاز یا ادارے کی جانب سے کوئی محصول عائد کرنے ، منسوخ کرنے یا اس میں تخفیف کرنے ، کمی بیشی کرنےیا اسے منضبط کرنے سے متعلق۔
4۔ اگر یہ سوال پیدا ہوکہ آیا کوئی مالی بل ہے یا نہیں تو اس پر صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کا فیصلہ قطعی ہوگا۔
5۔ گورنر کو منظوری کے لئے پیش کئے جانے والے ہر مالی بل پر صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کی دستخط شدہ ایک سند ہوگی کہ یہ مالی بل ہے اور ایسی سند تمام اغراض کیلئے حتمی ہوگی اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا جائے گا۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.