LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

باب2۔ صوبائی اسمبلیاں۔۔ صوبائی اسمبلیوں کی تشکیل

By Super Admin
باب2۔ صوبائی اسمبلیاں۔۔                      صوبائی اسمبلیوں کی تشکیل

1۔ ہر صوبائی اسمبلی عام نشستوں اور خواتین اور غیر مسلموں کے لئے مخصوص نشستوں پر مشتمل ہوگی جس طرح کہ ذیل میں صراحت کی گئی ہے:۔
عام نشستیں خواتین غیر مسلم کل
بلوچستان 51 11 3 65
خیبر پختونخوا 115 26 4 145
پنجاب 297 66 8 371
سندھ 130 29 9 168
(1/الف) شق (1ٍ) میں محولہ ، صوبہ خیبر پختونخواکے لئے نشستوں میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات کی نسبت سولہ عام نشستیں ، خواتین کی چار نشستیں اور غیر مسلموں کی ایک نشست شامل ہے:
مگر شرط ہے کہ مذکورہ بالا نشستوں پر انتخابات عام انتخابات 2018 کے بعد ایک سال کے اندر منعقد کئے جائیں گے۔
(1/ب) شق (1/الف) میں محولہ نشستوں پر انتخابات کے بعد ، شق (1/الف) اور یہ شق دونوں ہی حذف شدہ سمجھی جائیں گی۔
2۔ کسی شخص کو ووٹ دینے کا حق ہوگا اگرــــــــــــ
(الف) وہ پاکستان کا شہری ہو؛
(ب) وہ اٹھارہ سال سے کم عمر کا نہ ہو؛
(ج) اس کا نام صوبے میں کسی علاقے کی انتخابی فہرست میں درج ہو؛ اور
(د) اسے کسی مجاز عدالت کی طرف سے فاتر العقل قرار نہ دیا گیا ہو۔
3۔ کسی صوبائی اسمبلی کے انتخاب کی غرض کے لیے،ـــــــــ
(الف) عام نشستوں کے لئے انتخابی حلقے ایک رکنی علاقائی حلقے ہوں گے اور مذکورہ نشستوں کو پُر کرنے کے لئے ارکان بلاواسطہ اور آزادانہ ووٹ کے ذریعے منتخب کئے جائیں گے؛
(ب) شق (1) کے تحت متعلقہ صوبوں کے لئے تعین کردہ خواتین اور غیر مسلموں کے لئے مخصوص تمام نشستوں کے لئے ہر ایک صوبہ واحد انتخابی حلقہ ہوگا:
(ج) شق (1) کے تحت کسی صوبہ کے لئے تعین کردہ خواتین اور غیر مسلموں کے لئے مخصوص نشستوں کو پُر کرنے کے لئے ارکان قانون کے مطابق سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی فہرست سے متناسب نمائندگی کے نظام کے ذریعہ صوبائی اسمبلی میں ہر ایک سیاسی جماعت کی طرف سے حاصل کردہ عام نشستوں کی کل تعداد کی بنیاد پر منتخب کئے جائیں گے:
مگر شرط یہ ہے کہ اس ذیلی شق کی غرض کے لئے ، کسی سیاسی جماعت کی طرف سے حاصل کردہ عام نشستوں کی کل تعداد میں وہ کامیاب آزاد امیدوار شامل ہوں گے جو سرکاری جریدے میں کامیاب امیدواروں کے ناموں کی اشاعت کے تین یوم کے اندر باضابطہ طور پر مذکورہ سیاسی جماعت میں شامل ہوجائیں۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.