سالانہ کیفیت نامہ میزانیہ کی بابت طریقہ کار

1۔ سالانہ کیفیت نامہ میزانیہ کے اس حصہ پر جو وفاقی مجموعی فنڈ سے واجب الادا مصارف سے تعلق رکھتا ہو قومی اسمبلی میں بحث ہوسکے گی ، لیکن اسے قومی اسمبلی کی رائے شماری کے لئے پیش نہیں کیا جائے گا۔
2۔ سالانہ کیفیت نامہ میزانیہ کا وہ حصہ جو دیگر مصارف سے تعلق رکھتا ہو مطالبا ت زر کی شکل میں قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اسمبلی کو کسی مطالبے کو منظور کرنے یا منظور کرنے سے انکار کرنے یا کسی مطالبے کو اس میں مصرحہ رقم کی تخفیف کے تابع منظور کرنے کا اختیار ہوگا:
مگر شرط یہ ہے کہ ، یوم آغاز سے دس سال کی مدت کےلئے یا قومی اسمبلی کےدوسرے عام انتخاب کے انعقاد تک ، جو بھی بعد میں واقع ہو، کسی مطالبہ کا اس میں مصرحہ رقم میں کسی تخیف کے بغیر منظور کیا جانا متصور ہوگا، تاوقتیکہ، اسمبلی کی کل رکنیت کی اکثریت کے ووٹوں کے ذریعے اسے مسترد نہ کردیا جائے یا اسے اس میں مصرحہ رقم میں کسی تخفیف کے تابع منظور نہ کیا جائے۔
3۔ وفاقی حکومت کی سفارش کے بغیر کوئی مطالبہ زر پیش نہیں کیا جائے گا۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.