مالی بلوں کی نسبت طریق کار

1۔ آرٹیکل 70 میں مذکورہ کسی امر کے باوجود کسی مالی بل کی ابتداء قومی اسمبلی میں ہوگی:
مگر شرط یہ ہے کہ جب کوئی مالی بل بشمول سالانہ بجٹ کے گوشوارے پر مشتمل مالیاتی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے ، تو اس کے ساتھ ساتھ اس کی نقل سینٹ کو بھیجی جائے گی جو چودہ دن کے اندر ، اس کے بارے میں سفارشات قومی اسمبلی کو دے سکے گی۔
(1۔ الف) قومی اسمبلی سینیٹ کی سفارشات پر غور کرئےگی اور اس کے بعد کہ اسمبلی کی طرف سے بل سینیٹ کی سفارشات کو شامل کر کے یا شامل کئے بغیر منظور کر لیا گیا ہوا سے منظوری کے لئے صدر کو پیش کردیا جائے گا۔
2۔ اس باب کی اغراض کے لئے ، کسی بل یا ترمیم کو مالی بل تصور کیا جائے گا اگر اس میں حسب ذیل امور میں سے تمام یا کسی سے متعلق احکام شامل ہوں ، یعنی
(الف) کسی محصول کا عائد کرنا، منسوخ کرنا، اس میں تخفیف کرنا، ردوبدل کرنا یا اسے منضبط کرنا؛
(ب) وفاقی حکومت کی جانب سے رقم کا قرض لینا یا کوئی ضمانت دینا یا اس حکومت کی مالی ذمہ داریوں کی بابت قانون میں ترمیم؛
(ج) وفاقی مجمومی فنڈ کی تحویل ، مذکورہ فنڈ میں رقوم کی ادائیگی یا اس میں سے رقوم کا اجراء؛
(د) وفاقی مجموعی فنڈ پر کوئی وجوب ، عائد کرنا یا کسی مذکورہ وجوب کو منسوخ کرنا یا اس میں کوئی ردوبدل کرنا؛
(ہ) وفاق کے حسابات عامہ کی بابت رقوم کی وصولی ، مذکورہ رقوم کی تحویل یا ان کا اجراء؛
(و) وفاقی حکومت یا کسی صوبائی حکومت کے حسابات کا محاسبہ؛ اور
(ز) ماقبل پیروں میں مصرحہ امور میں سے کسی سے متعلق کوئی ضمنی امر۔
3۔ کوئی بل محض اس وجہ سے مالی بل متصور نہیں ہوگا کہ اس میں حسب ذیل امور کے بارے میں احکام وضع کئے گئے ہیںــــــــــــ
(الف) کوئی جرمانہ یا دیگر مالی تعزیر کے عائد کرنے یا اس میں ردوبدل کرنے سے متعلق یا کسی لائسنس فیس یا کسی انجام دی گئی خدمت کی فیس یا خرچ کے مطالبے یا ادائیگی سے متعلق؛ یا
(ب) مقامی اغراض کے لئے کسی مقامی ہیئت مجاز یا ادارے کی جانب سے کوئی محصول عائد کرنے، منسوخ کرنے ، اس میں تخفیف کرنے، ردوبدل کرنے یا اسے منضبط کرنے سے متعلق۔
4۔ اگر یہ سوال پیدا ہو کہ آیا کوئی بل مالی بل ہے یا نہیں تو اس پر قومی اسمبلی کے اسپیکر کا فیصلہ قطعی ہوگا۔
5۔ صدر کو منظوری کے لئے پیش کئے جانے والے ہر مالی بل پر قومی اسمبلی کے اسپیکر کی دستخطی ایک سند ہوگی کہ یہ مالی بل ہے اور مذکورہ سند تمام اغراض کے لئے حتمی ہوگی اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا جائے گا۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.