ارکان وغیرہ کے استحقاقات

1۔ دستور اور مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے قواعد ضابطہ کار کےتابع ، مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) میں تقریر کی آ زادی ہوگی اور کوئی رکن مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) میں کی ہوئی اپنی کسی تقریر یا دیئے ہوئے کسی ووٹ کی نسبت کسی عدالت میں کسی قانونی کاروائی کا مستوجب نہیں ہوگا اور کوئی شخص مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کی طرف سے یا اس کے اختیار کے تحت کسی رپورٹ ، مضمون ، ووٹ یا کاروائی کی اشاعت کی نسبت بایں طور مستوجب نہیں ہوگا۔
2۔ دیگر لحاظ سے مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) کے اختیارات، تحفظات اور استحقاقات اور مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے ارکان کے تحفظات اور استحقاقات وہ ہوں گے جو قانون کے ذریعے وقتاََ فوقتاََ متعین کئے جائیں اور بایں طور متعین ہونے تک وہ ہوں گے جن سے قومی اسمبلی پاکستان اور اس کی کمیٹیاں اور اس کے ارکان یوم آغاز سے عین قبل مستفید ہورہے تھے۔
3۔ کسی ایوان کی طرف سے ایسے اشخاص کو سزا دینے کے لئے قانون کے ذریعے حکم وضع کیا جاسکے گا جو اس ایوان کی کسی کمیٹی کے سامنےکوئی شہادت دینے یا کوئی دستاویز پیش کرنے سے انکار کردیں جبکہ انہیں اس کمیٹی کے چیئر مین کی طرف سے باضابطہ طورپر ایسا کرنے کو کہا گیا ہو:
مگر شرط یہ ہے کہ ایسا کوئی قانون،ـــــــــــ
(الف) کسی عدالت کو یہ اختیار دے سکے گا کہ وہ ایسے شخص کو سزا دے جو شہادت دینے یا دستاویزات پیش کرنے سے انکار کرئے؛ اور
(ب) ایسے فرمان کے تابع موئثر ہوگا جو صدر کی طرف سے ، خفیہ معاملات کو افشاء ہونے سے محفوظ رکھنے کیلئے بنایا گیاہو۔
4۔ اس آرٹیکل کے احکام ان اشخاص پر جو مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) میں تقریر کرنے یا بصورت دیگر اس کی کاروائی میں حصہ لینے کا حق رکھتے ہیں اس طرح اطلاق پذیر ہوں گے جس طرح وہ ارکان پر اطلاق پذیر ہوتے ہیں۔
5۔ اس آرٹیکل میں مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) سے کوئی ایوان یا مشترکہ اجلاس یا اس کی کوئی کمیٹی مراد ہے۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.