LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

(الف) انحراف وغیرہ کی بنیاد پر نا اہلیت

By Super Admin
(الف)  انحراف وغیرہ کی بنیاد پر نا اہلیت

1- اگر کسی ایوان میں کسی تنہا سیاسی جماعت پر مشتمل پارلیمانی پارٹی کا کوئی رکن ۔۔۔۔
(الف) اپنی سیاسی جماعت کی رکنیت سے مستعفی ہوجائے یا کسی دوسری پارلیمانی پارٹی میں شامل ہوجائے ؛یا
(ب) اس پارلیمانی پارٹی کی طرف سے جس سے اس کا تعلق ہو، جاری کردہ حسب ذیل سے متعلق کسی ہدایت کے برعکس ایوان میں ووٹ دے یا ووٹ دینے سے اجتناب کرئے۔۔۔۔
(اول) وزیراعظم یا وزیرِ اعلیٰ کا انتخاب ؛ یا
(دوم) اعتماد یا عدم اعتماد کا ووٹ ؛ یا
(سوم) کوئی مالی بل یا دستور (ترمیمی) بل؛
تو پارٹی کا سربراہ تحریری طور پر اعلان کرسکے گا کہ وہ اس سیاسی جماعت سے منحرف ہو گیا ہے، اور پارٹی کا سربراہ اعلان کی ایک نقل افرو صدارت کنندہ اور چیف الیکشن کمشنر کو بھیج سکے گا اور اسی طرح اس کی ایک نقل متعلقہ رکن کو بھیجے گا:
مگر شرط یہ ہے کہ اعلان کرنے سے پہلے ، پارٹی کا سربراہ مذکورہ رکن کو اس بار ے میں اظہار ِ وجوہ کا موقع فراہم کرئے گا کہ کیوں نہ اس کے خلاف مذکورہ اعلان کردیا جائے۔
تشریح۔ "پارٹی کا سربراہ" سے کوئی شخص ، خواہ کسی بھی نام سے پکار ہ جائے ، پارٹی کی جانب سے جیسا کہ مظہر ہ ہو مراد ہے۔
2۔ کسی ایوان کا کوئی رکن کسی پارلیمانی پارٹی کا رکن ہوگا اگر وہ ، ایسی سیاسی جماعت کے جو ایوان میں پارلیمانی پارٹی تشکیل کرتی ہو، امیدوار یا نامزد کے طورپر منتخب ہو کر یا ، کسی سیاسی جماعت کےامیدوار یا نامزد کی حیثیت کے علاوہ بصورتِ دیگر منتخب ہوکر ، مذکورہ انتخاب کے بعد تحریری اعلان کے ذریعے مذکورہ پارلیمانی پارٹی کا رکن بن گیا ہو۔
3۔ شق (1) کے تحت اعلان کی وصولی پر ، ایوان کا افسر صدارت کنندہ دو دن کے اندر وہ اعلان چیف الیکشن کمشنر کو بھیج دے گا، اور اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام ہوجائے تو یہ متصور کیا جائے کہ اس نے ارسال کردیا ہے، جو اعلان کو الیکشن کمیشن کے سامنے اس کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے اس کی وصولی کے تیس دن کے اندر اعلان کی توثیق کرتے ہوئے یا اس کے برعکس اس کے فیصلہ کے لئے رکھے گا۔
4۔ جبکہ الیکشن کمیشن اعلان کی توثیق کر دے ، توشق(1) میں محولہ رکن ایوان کا رکن نہیں رہے گا اور اس کی نشست خالی ہوجائے گی۔
5۔ الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے ناراض کوئی فریق ، تیس دن کے اندر ، عدالت ِ عظمیٰ میں اپیل داخل کرسکے گا جو اپیل داخل کرنے کی تاریخ سے نوے دنوں کےاندر اس معاملہ کا فیصلہ کرئے گی۔
6۔ اس آرٹیکل میں شامل کسی امر کا کسی ایوان کے چیئرمین یا اسپیکر پر اطلاق نہیں ہوگا۔
7۔ اس آرٹیکل کی اغراض کے لئے،۔۔۔۔۔
(الف ) " ایوان" سے وفاق کے تعلق سے قومی اسمبلی یا سینیٹ اور صوبہ کے تعلق سے صوبائی اسمبلی مراد ہے جیسی بھی صورت ہو؛
(ب) " افسر صدارت کنندہ" سے قومی اسمبلی کا اسپیکر ، سینیٹ کا چیئرمین یا صوبائی اسمبلی کا اسپیکر مراد ہے ، جیسی بھی صورت ہو۔
8۔ مذکورہ بالا طور پر تبدیل کردہ آرٹیکل 63 الف کا اطلاق اگلے عام انتخابات سے ہوگا جن کا دستور (اٹھارویں ترمیم) ایکٹ ، 2010ء کے نفاذ کے بعد انعقاد ہوگا:
مگر شرط یہ ہے کہ آرٹیکل 63 الف جس کو مذکورہ بالا طور پر تبدیل کیا گیا ہے کہ موئژ ہونے تک موجودہ آرٹیکل 63 الف کے احکامات بدستور نافذ رہیں گے۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.