LawyersOnline.pkLawyersOnline.pk
General Articles

صدر (وفاق پاکستان)

By Super Admin
صدر (وفاق پاکستان)

۱۔ پاکستان کا ایک صدر ہوگا جو مملکت کا سربراہ ہوگا اور جمہوریہ کے اتحاد کی نمائندگی کرئے گا۔
۲۔ کوئی شخص اس وقت تک صدر کی حیثیت سے انتخاب کا اہل نہیں ہوگا تاوقتیکہ وہ کم از کم پینتالیس سال کی عمر کا مسلمان نہ ہواور قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کا اہل نہ ہو۔
۳۔ صدر جدول دوم کے احکام کے مطابق ذیل پر مشتمل انتخابی ادارے کے ارکان کی طرف سے منتخب کیا جائے گا۔
(الف) دونوں ایوانوں کے ارکان ؛ اور
(ب) صوبائی اسمبلیوں کے ارکان۔
۴۔ صدر کے عہدے کے لئے انتخاب ، عہدے پر فائر صدر کی میعاد ختم ہونے سے زیادہ سے زیادہ ساٹھ دن اور کم سے کم تیس دن قبل کرایا جائےگا:
مگر شرط یہ ہے کہ، اگر یہ انتخاب مذکورہ بالا مدت کے اندر اس لئے نہ کرایا جاسکتا ہو کہ قومی اسمبلی توڑ دی گئی ہے، تو یہ اسمبلی کے عام انتخابات کے تیس دن کے اندر کرایا جائے گا۔
۵۔ صدر کا خالی عہدہ پُر کرنے کے لئے انتخاب، عہدہ خالی ہونے کے تیس دن کے اندر کرایا جائے گا۔
مگر شرط یہ ہے کہ اگر یہ انتخاب مذکورہ بالا مدت کے اندر اس لئے نہ کرایا جاسکتا ہو کہ قومی اسمبلی توڑ دی گئی ہے ، تو یہ اسمبلی کےعام انتخابات کے تیس دن کے اندر کرایا جائے گا۔
۶۔ صدر کے انتخاب کے جواز پر کسی عدالت یا دیگر ہیئت مجاز کی طرف سے یا اس کے سامنے اعتراض نہیں کیا جائے گا۔

Comments

No comments yet. Be the first to share your thoughts.