معاشرتی انصاف کا فروغ اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ

مملکت ۔۔،
(الف) پسماندہ طبقات یا علاقوں کے تعلیمی اور معاشی مفادات، کو خصوصی توجہ کے ساتھ فروغ دے گی؛
(ب) کم سے کم ممکنہ مدت کے اندر نا خواندگی کا خاتمہ کرئے گی اور مفت اور لازمی ثانوی تعلیم مہیا کرئے گی؛
(ج) فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کو عام طور پر ممکن الحصول اور اعلیٰ تعلیم کو لیاقت کی بنیاد پر سب کے لئے مساوی طور پر قابلِ دسترس بنائے گی؛
(د) سستے اور سہل الحصول انصاف کو یقینی بنائے گی؛
(ہ) منصفانہ اور نرم شرائط کار ، اس امر کی ضمانت دیتے ہوئے کہ بچوں اور عورتوں سے ایسے پیشوں میں کام نہ لیا جائے گا جو ان کی عمر یا جنس کے لئے نامناسب ہوں، مقرر کرنے کے لئے ، اور ملازم عورتوں کےلئے زچگی سے متعلق مراعات دینے کے لئے ، احکام وضع کرئے گی؛
(و) مختلف علاقوں کے افراد کو ،تعلیم، تربیت، زرعی اور صنعتی ترقی اور دیگر طریقوں سے اس قابل بنائے گی کی وہ ہر قسم کی قومی سرگرمیوں میں ، جن میں ملازمت پاکستان میں خدمت بھی شامل ہے، پورا پورا حصہ لے سکیں؛
(ز) عصمت فروشی ، قمار بازی اور ضرر رسان ادویات کے استعمال، فحش ادب ، اور اشتہارات کی طباعت ، نشر و اشاعت اور نمائش کی روک تھام کرئے گی؛
(ح) نشہ آورمشروبات کے استعمال کی، سوائے اس کے کہ وہ طبی اغراض کے لئے یا غیر مسلموں کی صورت میں مذہبی اغراض کے لئے ہو، روک تھام کرئے گی؛ اور
(ط) نظم و نسق حکومت کی مرکزیت دُور کرئےگی تاکہ عوام کو سہولت بہم پہنچانےاور ان کی ضروریات پوری کرنے کےلئے اس کے کام کے مستعد تصفیہ میں آسانی پیدا ہو۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.