ملازمتوں میں امتیاز کے خلاف تحفظ

۱۔ کسی شہری کے ساتھ جو بہ اعتبار دیگر پاکستان کی ملازمت میں تقرر کا اہل ہو ، کسی ایسے تقرر کے سلسلے میں محض نسل، مذہب ، ذات، جنس ، سکونت یا مقام پیدائش کی بناء پر امتیاز روا نہیں رکھا جائے گا:
مگرشرط یہ ہے کہ یوم آغاز سے زیادہ سے زیادہ چالیس سال کی مدت تک کسی طبقے یا علاقے کے لوگوں کے لئے آسامیاں محفوظ کی جاسکیں گی تاکہ پاکستان کی ملازمت میں ان کو مناسب نمائندگی حاصل ہوجائے:
مزید شرط یہ ہے کہ مذکورہ ملازمت کے مفاد میں مصرحہ آسامیاں یا ملازمتیں کسی ایک جنس کے افراد کے لئے محفوظ کی جاسکیں گی اگر مذکورہ آسامیاں یا ملازمتوں میں ایسے فرائض اور کارہائے منصبی کی انجام دہی ضروری ہو جو دوسری جنس کے افراد کی جانب سے مناسب طور پر انجام نہ دیئے جاسکتے ہوں۔:
مگر شرط یہ بھی ہے کہ پاکستان کی ملازمت میں کسی بھی طبقے یا علاقے کی کم نمائندگی کی مذکورہ طریقہ کار پر تلافی کی جائے گی جیسا کہ مجلس شوریٰ(پارلیمنٹ) کے ایکٹ کے ذریعے تعین کرئے۔
۲۔ شق (۱) میں مذکور کوئی امر کسی صوبائی حکومت یا کسی صوبے کی کسی مقامی یا دیگر ہیئت مجاز کی طرف سے مذکورہ حکومت یا ہیئت مجاز کے تحت کسی آسامی یا کسی قسم کی ملازمت کے سلسلے میں اس حکومت یا ہیئت مجاز کے تحت تقرر سے قبل ، اس صوبے میں زیادہ سے زیادہ تین سال تک ، سکونت سے متعلق شرائط عائد کرنے میں مانع نہیں ہوگا۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.