حقوق جائیداد کا تحفظ

۱۔ کسی شخص کو اس کی جائیداد سے محروم نہیں کیا جائے گا سوائےجبکہ قانون اس کی اجازت دے۔
۲۔ کوئی جائیداد زبردستی حاصل نہیں کی جائے گی اور نہ قبضہ میں لی جائے گی بجز کسی سرکاری غرض کےلئے اور بجز ایسے قانون کے اختیار کے ذریعے جس میں اس کے معاوضہ کا حکم دیا گیا ہو اور یا تو معاوضہ کی رقم کا تعین کردیا گیا ہو یا اس اصول اور طریقے کی صراحت کی گئی ہو جس کے بموجب معاوضہ کا تعین کیا جائے گا اور اسے ادا کیا جائے گا۔
۳۔ اس آرٹیکل میں مذکور کوئی امر حسبِ ذیل کے جواز پر اثر انداز نہیں ہوگا۔
(الف) کوئی قانون جو جان، مال یا صحت عامہ کو خطرے سے بچانے کے لئے کسی جائیداد کے لازمی حصول یا اسے قبضے میں لینے کی اجازت دیتا ہو؛ یا
(ب) کوئی قانون جو کسی ایسی جائیداد کے حصول کی اجازت دیتا ہو جسے کسی شخص نے کسی ناجائزذریعے سے یا کسی ایسےطریقے سے جو خلاف قانون ہو حاصل کیا ہو یا جو اس کے قبضہ میں آئی ہو؛یا
(ج) کوئی قانون جو کسی ایسی جائیداد کے حصول ، انتظام یا فروخت سے متعلق ہو جو کسی قانون کے تحت متروکہ جائیداد یا دشمن کی جائیداد ہو یا متصور ہوتی ہو(جو ایسی جائیداد نہ ہو جس کا متروکہ جائیداد ہو نا کسی قانون کے تحت ختم ہوگیا ہو)؛یا
(ر) کوئی قانون جو یا تو مفاد عامہ کے پیش نظر یا جائیداد کا انتظام مناسب طور پر کرنے کےلئےیا اس کے ملک کے فائدے کے لئے ، مملکت کو محدود مدت کےلئے ، کسی جائیداد کا انتظام اپنی تحویل میں لینے کی اجازت دیتا ہو؛یا
(ہ) کوئی قانون جو حسبِ ذیل غرض کے لئے کسی قسم کی جائیداد کے حصول کے لئے اجازت دیتا ہو
(اوّل) تمام یا شہریوں کے کسی مصرحہ طبقے کو تعلیم اور طبی امداد مہیا کرنے کے لئے؛یا
(دوئم) تمام یا شہریوں کے کسی مصرحہ طبقے کو رہائشی اور عام سہولتیں اور خدمات مثلاََ سڑکیں ، آب رسانی، نکاسی آب ، گیس اور برقی قوت مہیا کرنے کے لئے ؛یا
(سوم) ان لوگوں کو نان نفقہ مہیا کرنے کے لئے جو بیروزگاری ، بیماری، کمزوری یا ضعیف العمری کی بناٗ پر اپنی کفالت خود کرنے کے قابل نہ ہوں ؛یا
(و) کوئی موجودہ قانون یا آرٹیکل۲۵۳کے بموجب وضع کردہ کوئی قانون۔
۴۔ اس آرٹیکل میں محولہ کسی قانون کی رو سے قرار دئیے گئے یا اس کی تعمیل میں متعین کئے گئے کسی معاوضہ کے کافی ہونے یا نہ ہونے کو کسی عدالت میں زیر بحث نہیں لایا جائے گا۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your thoughts.